تاجران و ٹرانسپورٹروں کے وفد کی کور کمانڈر، وزیر داخلہ سے ملاقات، ہڑتال موخر کرنیکا فیصلہ

کوئٹہ (ویب ڈیسک) مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم کاکڑ اور کابینہ اراکین و ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے بلوچستان بھر کے تاجروں، ٹرانسپورٹروں، کاروباری طبقے اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بلوچستان بھر میں مرکزی انجمن تاجران بلوچستان و چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ٹرانسپورٹرز یونینز کی اپیل پر ہونے والی شٹر ڈاو¿ن ہڑتال اور قومی شاہراہوں پر پہیہ جام ہڑتال مکمل طور پر کامیاب رہی۔ بیان میں کہا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں تاجروں نے رضاکارانہ طور پر اپنے کاروباری مراکز بند رکھے جبکہ قومی شاہراہوں پر ٹرانسپورٹروں نے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہیہ جام ہڑتال میں حصہ لیا۔ اس بھرپور اور پرامن احتجاج نے یہ ثابت کردیا کہ بلوچستان کے تاجر، ٹرانسپورٹر اور عوام اپنے حقوق، جان و مال کے تحفظ اور صوبے کے معاشی استحکام کے لیے متحد ہیں۔ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم کاکڑ نے کہا کہ ہڑتال کا مقصد بلوچستان میں بڑھتی ہوئی بدامنی، قومی شاہراہوں پر تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کو درپیش خطرات، کاروباری عدم تحفظ، معاشی مشکلات اور تاجروں کے جائز مطالبات کو حکومتی ایوانوں تک پہنچانا تھا، جس میں تاجر برادری کو بھرپور کامیابی حاصل ہوئی۔ بیان میں کہا کہ کور کمانڈر 12 کور سے مرکزی انجمن تاجران بلوچستان، بلوچستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ٹرانسپورٹرز تنظیموں کے نمائندوں کی تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کو درپیش مسائل، قومی شاہراہوں کی صورتحال، کاروباری تحفظ اور دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد نے متعلقہ حکام کو اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ بھی پیش کیا۔ بعد ازاں وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو، سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقت اور دیگر متعلقہ حکام نے تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کیے۔ مذاکرات کے دوران حکومت نے تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے ان کے حل کے لیے مو¿ثر اقدامات اور عملی پیش رفت کی یقین دہانی کرائی۔ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم کاکڑ نے کہا کہ مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے اور حکومتی نمائندوں نے واضح طور پر تسلیم کیا کہ تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کا چارٹر آف ڈیمانڈ جائز، حقیقت پسندانہ اور زمینی حقائق کے مطابق ہے۔ حکومت کی جانب سے مسائل کے حل اور تاجروں و ٹرانسپورٹروں کے تحفظ کے حوالے سے مثبت یقین دہانیوں کے بعد آئندہ کے احتجاجی پروگرام اور ہڑتالوں کو فی الحال موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان اپنے حقوق، تاجروں کے مفادات اور بلوچستان کے عوام کے مسائل پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں اور یقین دہانیوں پر عملدرآمد کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا۔