بلوچستان میں مال بردار گاڑیوں کو جلانے، شاہراہوں کی بندش، وزیراعظم کی کمیٹی تشکیل دینے کی یقین دہانی

اسلام آباد/ کوئٹہ (آئی این پی) ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پا کستان محمد میاں شہباز شریف کی جانب سے بلوچستان میں مال بردار گاڑیوں کو نذر آتش کرنے، امن وامان کی مخدوش صورتحال، تجارت کی راہ میں درپیش مشکلات کے حل کےلئے آئندہ دو سے تین دن کے دوران اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ پیر کے روز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب خان مریانی نے اسلام آباد میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی زیرصدارت منعقدہ پری بجٹ مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان کے تمام قابل ذکر چیمبرز کے صدور کے علاوہ وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور چیئرمین ایف بی آر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صدر کوئٹہ چیمبر نے بجٹ تجاویز کے ساتھ بلوچستان میں امن و امان کی ابتر صورتحال، دہشت گردی اور تخریبی کارروائیوں کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیوں، درآمدات و برآمدات اور تجارتی گاڑیوں کی نقل و حرکت کو درپیش شدید مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خصوصا قومی شاہراہوں کی بندش، تجارتی قافلوں کی رکاوٹ اور سرحدی گزرگاہوں پر سیکورٹی مسائل کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر کاروباری برادری کی تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے کوئٹہ چیمبر کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کو انتہائی توجہ سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ آئندہ دو سے تین روز میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو بلوچستان میں سیکورٹی صورتحال، شاہراہوں کی بندش اور سرحدی تجارت کو درپیش مسائل کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ واضح رہے بلو چستان میں شاہرا ہوں کی ابتر حالت ، امن و امان کی خراب صورتحال ، آئے روز ما ل بر دار گاڑیوں کو نذر آتش کر نے اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مشکلات سے متعلق صو بے بھر کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، انجمن تا جران ،ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ،ما ئنز اونرز ایسو سی ایشن، نیشنل فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن، آڑتھیان اینڈ کمیشن ایجنٹس، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن و دیگر کا کل 3 جون کو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں صو بے میں بزنس کمیونٹی کو درپیش چیلنجز اور مشکلات، امن و امان کی خراب صورتحال و دیگر امور پر غور و خوض کے بعد آ ئندہ کا لا ئحہ عمل طے کیا جا ئے گا۔ اس سلسلے میں بزنس کمیونٹی ، ٹرانسپوررٹ ایسو سی ایشن و دیگر سے را بطے جا ری ہیں، اجلاس کے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔