کوئٹہ، موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر شہری قتل، مغوی قبائلی رہنما ظفر بازئی بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے

کوئٹہ (بلوچستان نیوز) ہزار گنجی میں نامعلوم افراد نے شہر ی سے موٹر سائیکل چھین لی، مزاحمت پر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق ہزار گنجی کے علاقے بخاری ٹاﺅن کا رہائشی اللہ یار ولد علی نواز گزشتہ شب موٹر سائیکل پر گھر جارہا تھا، جیسے ہی گھر کے قریب پہنچا دو مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھین لی، تاہم مزاحمت کرنے پر مسلح افراد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے فائرنگ کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر زخمی کو اسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاءکے حوالے کر دی گئی جبکہ شالکوٹ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کیس سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ منتقل کر دیا۔ علاوہ ازیں سرہ غڑ گئی سے چار روز قبل اغوا ہونے والے قبائلی رہنما گھر پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق 15مئی کو سرہ غڑگئی کے رہائشی قبائلی رہنما سردار ظفر بازئی کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا تھا، اغوا کیخلاف لواحقین اور بازئی قبائل کے متعدد افراد نے بی اے مال کے قریب ایئر پورٹ روڈ پر دھرنا دیتے ہوئے مغوی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا تھا، تاہم ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا تھا، چار روز بعد مغوی سردار ظفر بازئی پیر کی شام اپنے گھر پہنچ گئے۔