گوادر موٹروے پولیس کی دیانتداری، لاکھوں روپے مالیت کا گمشدہ سامان مالک کے حوالے کردیا

گوادر (ویب ڈیسک) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ دیانت داری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے عزم کا عملی ثبوت دیتے ہوئے تقریباً 22 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیاءان کے اصل مالک تک بحفاظت پہنچا دیں۔ تفصیلات کے مطابق گوادر کے قریب دوران گشت موٹروے پولیس کے افسران کو شاہراہ پر ایک بیگ ملا، جس میں قیمتی زیورات اور دیگر سامان موجود تھا۔ افسران نے فوری طور پر بیگ کو اپنی تحویل میں لے کر حفاظتی اقدامات کیے اور مالک کی تلاش شروع کر دی۔ ابتدائی کوششوں کے باوجود مالک کا سراغ نہ مل سکا۔ بعد ازاں موٹروے پولیس نے بیگ میں موجود قیمتی اشیاءکی تفصیلات صیغہ راز میں رکھتے ہوئے سوشل میڈیا اور مقامی ذرائع کے ذریعے گمشدہ بیگ سے متعلق آگاہی مہم چلائی تاکہ صرف حقیقی مالک ہی اس کی درست شناخت کر سکے۔ اس دوران بیگ کے اصل مالک نے موٹروے پولیس سے رابطہ کیا اور بیگ میں موجود اشیاءکے بارے میں مکمل اور درست معلومات فراہم کیں۔ تمام ضروری قانونی و ضابطہ جاتی کارروائی اور تصدیقی مراحل مکمل کرنے کے بعد بیگ مع تمام قیمتی اشیاءمالک کے حوالے کر دیا گیا۔ بیگ کے مالک نے بتایا کہ سفر کے دوران ان کا بیگ حادثاتی طور پر سڑک پر گر گیا تھا اور انہیں اس کا علم بھی نہ ہوسکا۔ قیمتی سامان کی بحفاظت واپسی پر انہوں نے موٹروے پولیس کی دیانت داری، امانت داری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت اقدامات کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دلی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ویسٹ زون بلوچستان، ڈاکٹر قریش خان نے اس قابل ستائش کارکردگی پر ڈیوٹی پر مامور افسران کو 25,000 روپے فی کس نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس کارروائی میں شامل افسران کی دیانت داری، امانت داری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موٹروے پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔ ہمارے افسران ہر حال میں قانون کی پاسداری، عوامی خدمت اور اعتماد کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے رہیں گے۔