تربت، نجی بینک میں ڈکیتی، فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی، کلاتک میں گاڑی سے بارودی مواد برآمد

تربت، بلیدہ (بلوچستان نیوز) تربت میں مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر بینک لوٹ لیا، ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے بینک میں داخل ہوکر عملے کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا اور لوٹ مار کی، پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکو بینک سے 8 لاکھ 34 ہزار 700 روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق ملزمان کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ علاوہ ازیں دشت پیرانی لمب میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق۔ پولیس ذرائع کے مطابق پیرانی لمب دشت کے علاقے میں عبدالرشید ولد سلیمان ساکن ہرانی بینٹ دشت کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ لاش کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا، واقعے سے متعلق پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔ ایک اور واقعے میں بلیدہ کے علاقے چھب میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں عبدالشکور ولد دلمراد شدید زخمی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کیا گیا۔ کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی، واقعے سے متعلق پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔ دوسری جانب تربت کے علاقے کلاتک میں پولیس نے گاڑی سے بارودی مواد برآمد کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق کلاتک کے علاقے میں پولیس نے ایک زمباد گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا نہ رکنے پر پولیس نے گاڑی کا تعاقب کیا، فرارہونے کی کوشش پر پولیس نے گاڑی پر فائرکرکے ٹائر برسٹ کردیے، پولیس نے گاڑی کو قبضے میں لیکر اس سے بارودی مواد برآمد کرلیا۔