کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت کے علاقے کاسی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، فائرنگ کا واقعہ کاسی روڈ کے قریب پیش آیا جہاں مسلح افراد نے سعادت اللہ اور امین اللہ نامی اشخاص کو نشانہ بنایا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی، تاہم فوری طور پر قتل کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس مختلف پہلوﺅں سے معاملے کی تفتیش کررہی ہے۔ ایک اور واقعے میں کوہلو کے علا قے ہوسڑی میں پہاڑوں سے قبائلی رہنما کی لاش برآمدکرلی گئی۔ کو ہلو میں ہوسڑی کے علا قے میں پہاڑوں سے ایک شخص لاش بر آمد کی گئی جسے شناخت کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی شناخت معروف قبائلی رہنما ملک شیر افضل زرکون کے نام سے ہوئی جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں مزید کا رروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ خاران کے علاقے سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت محمد اشرف سکنہ زرد نام سے کی گئی، لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئی، مزید کارروائی خاران پولیس کررہی ہے۔
کوہلو، قبائلی رہنما قتل، کوئٹہ میں فائرنگ سے 2 بھائی جاں بحق، خاران سے لاش برآمد
