گوادر سے جیکب آباد ریل لائن منصوبے پر پیشرفت، زمین کے حصول کا مرحلہ شروع

لاہور (این این آئی) وفاقی حکومت نے ایک بڑے منصوبے کیلئے پیشرفت کے طور پر گوادر سے جیکب آباد تک مجوزہ ریلوے لائن منصوبے کے لیے زمین کے حصول کا عمل باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا، ریلوے لائن گوادر، تربت، پنجگور، بسیمہ، خضدار اور جیکب آباد کو آپس میں ملائے گی۔ یہ پیشرفت پاکستان کی اس حکمت عملی کے تناظر میں اہم قرار دی جا رہی ہے جس کے تحت ایران تک سامان کی ترسیل کے لیے چھ زمینی راستے کھولنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان راستوں میں گوادر، گبد روٹ سب سے مختصر سمجھا جاتا ہے جس سے ترسیلی وقت میں تقریباً 87 فیصد تک کمی متوقع ہے۔ اس اقدام کا مقصد سمندری تجارت میں خلل کی صورت میں تیسرے ممالک کے سامان کو ایران تک محفوظ اور متبادل راستہ فراہم کرنا ہے۔ وفاقی حکومت کے ”اڑان پاکستان وژن“ کے تحت شروع کیے جانے والے اس منصوبے کا مقصد بلوچستان کو اندرونِ سندھ سے ایک جدید ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے ذریعے منسلک کرنا بھی ہے۔ یہ ریلوے لائن گوادر، تربت، پنجگور، بسیمہ اور خضدار سے گزرتے ہوئے جیکب آباد تک جائے گی، توقع کی جا رہی ہے کہ یہ منصوبہ قومی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا۔