کوئٹہ(بلوچستان نیوز)بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جناب جسٹس نجم الدین مینگل پر مشتمل ڈویژن بینچ نے پیر 4 مئی 2026 کو ایک اہم سماعت کے دوران بلوچستان اسمبلی کی عمارت کو منہدم کرنے کے خلاف حکمِ امتناعی جاری کر دیا ہے۔ عدالت عالیہ نے امان اللہ کنرانی ایڈوکیٹ اور نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کی جانب سے دائر آئینی درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے محکمہ مواصلات و تعمیرات کو پابند کیا ہے کہ وہ مجوزہ ٹینڈر نوٹس کو، جو کہ 7 مئی 2026 کو کھولا جانا تھا، اگلی سماعت یعنی 11 مئی 2026 تک کھولنے سے باز رہے۔ عدالت میں درخواست گزار امان اللہ کنرانی نے اپنی پیروی خود کی جبکہ نوابزادہ لشکری رئیسانی کی جانب سے محمد ریاض احمد ایڈوکیٹ اور حکومتِ بلوچستان کی طرف سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل شہیک بلوچ پیش ہوئے۔ اس عدالتی فیصلے کے بعد فی الحال بلوچستان اسمبلی کی عمارت کو مسمار کرنے کا عمل روک دیا گیا ہے۔
بلوچستان ہائی کورٹ، بلوچستان اسمبلی کی عمارت گرانے کے ٹینڈر پر حکم امتناعی جاری
