قلات اور خضدار میں تجارتی مراکز شام سے بند، سوراب میں 15 اگست تک کرفیو کے اوقات جاری

قلات، خضدار، سوراب (بلوچستان نیوز) ضلعی انتظامیہ قلات نے عوام کی سہولت اور امن و امان کی سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر شہر میں دکانوں کی بندش کے اوقات کار تبدیل کر دیے ہیں اور نئے اوقات پر فوری عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔نئی ہدایت کے مطابق شہر کی تمام دکانیں شام 6 بجے سے صبح 10 بجے تک لازمی بند رہیں گی۔ ضلعی انتظامیہ قلات نے سیکیورٹی اور عوامی مفاد میں کیے گئے اس فیصلے پر عملدرآمد کے لیے تمام دکانداروں اور تاجر برادری سے مکمل تعاون کی اپیل کی ہے۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ خضدار نے سیکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر عارضی احتیاطی تدابیر کے تحت شہر کے تمام بازار، دکانیں، ہوٹل اور دیگر تجارتی ادارے رات 8 بجے سے صبح 10 بجے تک اگلے احکامات تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، فارمیسیز، میڈیکل اسٹورز اور نجی ہسپتال اس بندش سے مستثنی ہوں گے۔ضلعی انتظامیہ نے پولیس، مجسٹریٹس اور اسسٹنٹ کمشنرز کو تجارتی مراکز کی بندش پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انتظامیہ نے تاجر برادری اور عام شہریوں سے ان سیکیورٹی اقدامات میں تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد تجارتی مراکز کے اوقاتِ کار کے حوالے سے مزید فیصلے کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ سوراب نے امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر علاقے میں 9 اگست سے 15 اگست تک روزانہ رات 8 بجے سے صبح 9 بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرفیو کے مقررہ اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، سیکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں ہونے والے کسی بھی ممکنہ نقصان کے ذمہ دار افراد خود ہوں گے۔