اسلام آباد (آن لائن)آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے ملک میں پٹرول پمپس کی ممکنہ ہڑتال اور بندش کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے اپنے ایک حالیہ بیان میں واضح کیا ہے کہ یکم مئی سے پانچ مئی تک ہڑتال کی خبریں محض افواہ ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔وائس چیئرمین نعمان علی بٹ کا کہنا تھا کہ ہڑتال سے متعلق سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع پر چلنے والی خبروں کا ایسوسی ایشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ملک بھر میں تمام پٹرول پمپس معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول پمپ مالکان اس وقت کسی بھی قسم کی ہڑتال کی حمایت نہیں کرتے اور نہ ہی ایسی کوئی کال دی گئی ہے۔ نعمان علی بٹ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی بے بنیاد افواہوں پر کان نہ دھریں اور نہ ہی پریشان ہو کر پٹرول پمپس پر رش لگائیں، کیونکہ سپلائی چین مکمل طور پر بحال ہے اور ایندھن کی کوئی قلت نہیں ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق، ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی اور شہریوں کی سہولت کے لیے تمام پمپس اپنی خدمات فراہم کرتے رہیں گے۔
ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی ہڑتال کی خبریں بے بنیاد ایسوسی ایشن نے تردید کر دی
