بیلا (یو این اے) وندر، کھرکھیڑہ کسٹم چیک پوسٹ کے قریب المحمود مسافر کوچ اور ایل پی جی گیس باﺅزر کے مابین ہولناک تصادم، دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورز موقع پر جاں بحق جبکہ کوچ میں سوار مرد، خواتین اور بچوں سمیت 25 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب رپورٹ کے مطابق بلوچستان کی شاہراہوں پر ایک روز میں 54 ٹریفک حادثات، 74 افراد زخمی، ایک جاں بحق ہوگیا۔ بلوچستان کی مختلف قومی شاہراہوں اور ہائی ویز پر 12 ستمبر کو پیش آنے والے 54 ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 74 افراد زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹرز (ایم ای آر سی) 1122 بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ یومیہ رپورٹ کے مطابق صوبے کی مختلف شاہراہوں پر قائم ٹراما سینٹرز نے حادثات کے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ رپورٹ کے مطابق ٹراما ژوب کی حدود میں سب سے زیادہ 24 ٹریفک حادثات پیش آئے، جن میں 35 افراد زخمی ہوئے۔ اسی طرح ٹراما خضدار مرکز کی حدود میں 13 حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں 13 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق وندر، لسبیلہ میں 5 حادثات کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے، سرانان، پشین میں 3 حادثات میں 4 افراد، زیارت کراس، پشین میں 2 حادثات میں 6 افراد جبکہ کیٹل فارم، جعفرآباد میں 2 حادثات کے دوران 4 افراد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب لیاری، لسبیلہ میں پیش آنے والے ایک ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ایم ای آر سی 1122 کے مطابق 12 ستمبر کو صوبے بھر کے مختلف مراکز میں مجموعی طور پر 54 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں 74 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ ایک شخص کی ہلاکت ریکارڈ کی گئی۔
وندر ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق، 25 زخمی، بلوچستان میں ایک روزکے دوران 54 حادثات رپورٹ
