کوئٹہ اورنوکنڈی میں ٹریفک حادثات،6جاں بحق،18زخمی

کوئٹہ(بلوچستان نیوز)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ائیر پورٹ روڈ پر عسکری چیک پوسٹ کے قریب پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثہ ایک تیز رفتار کار اور موٹرسائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش آیا، جس میں دو موٹرسائیکل سوار اور ایک کار سوار جاں بحق ہوا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں و زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا۔ طبی ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا، تاہم پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حادثات سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کریں۔دوسری جانب نوکنڈی کے قریب تین گاڑیوں میں خوفناک تصادم، تین افراد جاں بحق اور18 زخمی ہوگئے پولیس کے مطابق نوکنڈی میں گزشتہ رات ریکوڈک سائٹ روڈ پر تین گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ اٹھارہ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن میں سے پانچ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔اطلاعات کے مطابق متاثرہ افراد میں زیادہ تر افغان باشندے شامل ہیں جو ایران جانے کے سفر پر تھے۔ حادثے میں جاں بحق افراد میں ایک مقامی ڈرائیور جبکہ دو افغان باشندے شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر نوکنڈی سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ شدید زخمیوں میں سے پانچ افراد کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس تھانہ نوکنڈی کے ایس ایچ او غلام دستگیر بڑیچ اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ اور ہسپتال پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی، جبکہ ہسپتال عملے نے زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کیں۔