وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امام بارگاہ کے اندر خود کش دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا ترلائی میں جمعہ کی نماز کے دوران امام بارگاہ خدیجتہ الکبری میں ہوا، خودکش حملہ آور نے مسجد میں داخلے سے روکنے پر خود کو اڑا لیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق دھماکے میں 15 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے، دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور پمز اسپتال میں اب تک 11 لاشیں اور 60 زخمی لائے جا چکے ہیں۔
پمز اسپتال میں زخمیوں کو رکھنے کی گنجائش ختم ہونے کے باعث زخمیوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی کے دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پولیس نفری اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے اور موقع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
