اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام اور اس کے سربراہ مولانا فضل الرحمان تصادم چاہتے ہیں۔ عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ جو گزشتہ کئی دنوں سے مولانا فضل الرحمان کا طرز عمل ہے، اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ تصادم ہو، لیکن ہم تصادم کی طرف نہیں جانا چاہتے۔ انہیں چاہیے کہ وہ جمہوری اور سیاسی عمل کے تحت بیٹھیں اور بات چیت کریں۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو معاملہ فہمی سے کام لینا چاہیے، وہ بہت زیادہ غصے میں نظر آ رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان تجربہ کار سیاستدان ہیں انہیں چاہیے کہ وہ افہام و تفہیم کی طرف آئیں، معاملات کو سلجھانے کی طرف آئیں اور اتنا تصادم کا ماحول نہ بنائیں کہ وہ خود بند گلی میں چلے جائیں۔ مولانا ایک قدم پیچھے ہٹیں، ایک سیاسی جماعت کی طرح سوچیں، ایک عسکری جماعت کی طرح نہیں۔ راستے نکالیں، راستے بند نہ کریں۔
