اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رجانہ روڈ پر کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق افسوسناک حادثہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رجانہ روڈ پر چک نمبر 268 گ ب موٹے والا کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ 8 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ خاتون سمیت 3 افراد شدید زخمی ہوئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور لاشوں سمیت زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) اسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں مزید علاج کے لیے الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں تینوں زخمی دم توڑ گئے، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے، 2 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں اور اس طرح حادثے میں گاڑی میں سوار ایک ہی خاندان کے تمام 11 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
