اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
لاہور (ویب ڈیسک) سرگودھا میں جے یو آئی کا جلسہ روکنے کیلئے متعدد رہنما گرفتار کرلیے گئے۔ رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، امیر پنجاب مولانا امجد خان اور مرکزی صدر جے ٹی آئی ملک اویس کو پنجاب پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، گرفتار رہنماﺅں کو فی الفور رہا نہ کیا تو حالات کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر ہوگی۔ ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ کیا ملک میں مارشل لاءلگ چکا ہے؟ سیاسی اجتماعات پر پابندی کیوں لگائی جارہی ہے؟۔ مریم بی بی خود تو جلسے جلوس کررہی ہیں، کیا اپوزیشن جماعتوں کو جلسوں کا حق حاصل نہیں۔ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کو ہماری کمزوری سمجھا جا رہا ہے۔ ہائبرڈ نظام کی جمہوریت کا چہرہ عیاں ہو گیا ہے۔ اسلم غوری نے کہا کہ مولانا عبدالغفور حیدری ممبر قومی اسمبلی ہیں کیا ان کی گرفتاری اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے کی گئی ہے؟ بغیر وارنٹ گرفتاریاں ملک کے جمہوری نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ جے یو آئی کے دیگر عہدیداران کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔ مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ حکومت فوری طور پر گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرے۔
