لیبیا میں 70 تارکین وطن سمندر میں ڈوب گئے، باجوڑ کے 35 افراد بھی شامل، ایمل ولی کی حکومت پر تنقید

لیبیا میں 70 تارکین وطن ڈوب گئے

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

اسلام آباد (ویب ڈیسک) یورپ لے جانے والی تارکین وطن کی کشتی کو لیبیا میں حادثہ ، سوار تمام 70 مسافر لاپتا ہوگئے، 35 افراد کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے ہے۔ باجوڑ کے متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ایجنٹ کے ذریعے ملی، ایجنٹ نے گزشتہ روز بتایا کہ لیبیا میں کشتی کو 21 نومبر کو حادثہ پیش آیا تھا، سمندر سے اب تک کسی کی لاش نہیں نکالی جاسکی ہے۔ ادھر تحصیل ماموند کے علاقے نختر میں 6 افراد کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی۔ ڈی پی او خان زیب مہمندکے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائےگی۔ غیر قانونی طریقوں سے یورپی ممالک بھیجنے والے ایجنٹوں کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے۔ مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی ایمل ولی خان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان روزگار نہ ملنے پر سمندروں میں جانیں گنوا رہے ہیں۔ بے امنی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نے نوجوانوں کو ملک چھوڑنے پر مجبورکیا ہے۔ نوجوانوں کو اپنے وطن میں باعزت روزگار اور بہتر مستقبل میسر نہیں۔ ایمل ولی نے مطالبہ کیا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جائے اور ذمہ داروں کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے، حادثے میں جاں بحق نوجوانوں کی میتیں فوری پاکستان منتقل کی جائیں اور لاپتا افراد کی تلاش کے لیے لیبیا کے حکام سے موثر رابطے کیے جائیں۔