ماخذ: آن لائن
کوئٹہ (آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایف بی آر ریجنل ٹیکس آفس کے ترجمان نے کہا ہے کہ بعض امیدواروں کی جانب سے ایف بی آر کی ملازمتوں کے انٹرویوز کے حوالے سے گمراہ کن پریس کانفرنس کی گئی، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بلوچستان بھر کے امیدواروں کے انٹرویوز کی تاریخ اور مقام تبدیل کیا گیا ہے، جس میں صوبے کے تمام امیدوار شرکت کر سکتے ہیں۔ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں امیدواروں کی جانب سے نامزد کردہ وفد کی ایف بی آر کمشنر سے ملاقات بھی ہوئی، جس میں وفد کو تمام صورتحال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، جس پر وفد نے اطمینان کا اظہار کیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ ملاقات کے بعد بعض امیدواروں کی جانب سے دیگر امیدواروں کو مشتعل کرکے سڑکوں کی بندش کی گئی، حالانکہ ایف بی آر حکام پہلے بھی تمام امیدواروں کو نئے شیڈول کے مطابق انٹرویوز میں شرکت کے حوالے سے آگاہ کر چکے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ انٹرویوز کے نئے شیڈول کے حوالے سے باقاعدہ اخبارات کے ذریعے بھی تمام امیدواروں کو مطلع کیا گیا تھا تاکہ صوبے بھر کے امیدوار نئی تاریخ اور مقام کے مطابق انٹرویوز میں شرکت کر سکیں۔ لہذا امیدواروں سے اپیل ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں اور غلط معلومات پر کان نہ دھریں اور جاری کردہ نئے شیڈول کے مطابق اپنے انٹرویوز میں شرکت یقینی بنائیں۔
