بلوچستان کی تمام ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے قلات سنگداس چیک پوسٹ ختم کرنے کا مطالبہ

قلات سنگداس چیک پوسٹ

ماخذ: یو این اے

کوئٹہ (یو این اے) آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی، آل بلوچستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن، بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن اور منی مزدا ٹرک ایسوسی ایشن کے رہنماﺅں نے سنگداس پولیس چیک پوسٹ ضلع قلات کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ چیک پوسٹ ٹرانسپورٹروں اور چھوٹی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے لیے عذاب بن چکی ہے، جہاں مبینہ بھتہ خوری کے باعث ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیوروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے آل بلوچستان بے روزگار یونین کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز اور محنت کش ڈرائیوروں کو مبینہ استحصال سے نجات دلانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔بلخصوص چیک پوسٹ پر تعینات بلوچستان کانسٹیبلری اہلکار سعید خان مری جس کا پورا ریکارڈ داغدار ہے۔ اسلحہ کے زور پر پیسے وصول کرتا ہے۔ آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے صدر حاجی حبیب اللہ بادیزئی، جنرل سیکرٹری میر اکبر لہڑی، حاجی موسی جان اچکزئی، حاجی نصر اللہ دھوار، علی محمد اچکزئی، حاجی لعل محمد مشوانی، آل بلوچستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی داد کرد، حاجی یاسین بنگلزئی، نور محمد، بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی نور محمد شاھوانی، نائب صدر خدائیداد شاھوانی، حاجی عطا اللہ کاکڑ، منی مزدا ٹرک ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی بابو رئیسانی، صدر قدیم اللہ بڑیچ، جنرل سیکرٹری یونس پٹھان اور دیگر رہنماں نے اپنے مشترکہ اعلامیے میں کہا کہ سنگداس پولیس چیک پوسٹ پر چھوٹی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو مبینہ طور پر بلاجواز تنگ کرنے اور ان سے بھتہ وصول کرنے کی شکایات انتہائی تشویش ناک ہیں۔ محنت مزدوری کرکے اپنے خاندانوں کا پیٹ پالنے والے ڈرائیور پہلے ہی مہنگائی، کاروباری مشکلات اور اخراجات میں اضافے سے پریشان ہیں، ایسے میں انہیں مزید مشکلات سے دوچار کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ پہلے ہی مختلف مسائل کا شکار ہے، جبکہ راستوں میں قائم چیک پوسٹوں پر مبینہ غیر قانونی وصولیوں اور بلاجواز روک ٹوک سے ٹرانسپورٹرز کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔چھوٹی گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کے لیے روزگار جاری رکھنا مشکل بنتا جا رہا ہے، جس کے منفی اثرات نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کاروبار بلکہ عام شہریوں اور محنت کش طبقے پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ مشترکہ اعلامیہ میں متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ سنگداس پولیس چیک پوسٹ کے حوالے سے موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لیا جائے، مبینہ بھتہ خوری اور ڈرائیوروں کو بلاجواز تنگ کرنے کے واقعات کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔