ماخذ: آن لائن
کوئٹہ (آن لائن) معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سیکورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔کچھی اور خاران میں سیکورٹی فورسز کی موثر کارروائیوں کے دوران 17 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ اس دوران پاک فوج کے بہادر سپاہی حکمت اللہ نے وطن عزیز کے دفاع میں جام شہادت نوش کیا۔ بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کو تباہ کرنے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے دہشت گرد عناصر مختلف سازشوں میں مصروف ہیں، تاہم سیکورٹی فورسز ان مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے بھرپور عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کچھی اور خاران میں کامیاب آپریشنز پر سیکورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 17 دہشت گردوں کا خاتمہ سیکورٹی اداروں کی موثر حکمت عملی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ معاون برائے داخلہ بلوچستان نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ ریاست پاکستان اپنے عوام کے تحفظ، امن و استحکام اور قومی سلامتی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ بابر یوسفزئی نے شہید سپاہی حکمت اللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کرنے والے بہادر جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ سپاہی حکمت اللہ کی شہادت پر دلی افسوس ہے، پوری قوم شہید کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ شہدا کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اپنی سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ صرف سیکورٹی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جدوجہد ہے۔ عوام کے تعاون، قومی اتحاد اور ریاستی اداروں کے مضبوط عزم سے دشمن کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔ بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان کا امن، ریاست پاکستان کی سلامتی اور عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور دہشت گرد عناصر کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کے لیے حکومت اور سیکورٹی ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
