کوئٹہ، جوائنٹ روڈ میں پولیس ناکے پر فائرنگ، کانسٹیبل شہید، اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی

کوئٹہ فائرنگ

ماخذ: یو این اے

کوئٹہ (یو این اے) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں جوائنٹ روڈ پر سیٹلائٹ ٹان تھانے کی حدود میں قائم پولیس ناکے پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں 1 پولیس کانسٹیبل شہید جبکہ 1 اہلکار اور 2 راہگیروں سمیت 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ترجمان کوئٹہ پولیس کے مطابق سیٹلائٹ ٹان تھانہ کے علاقے میں معمول کے پولیس ناکے کے دوران اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا۔ تاہم گاڑی میں سوار ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر ساندھا فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل نعمان موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ کانسٹیبل جنید اور کانسٹیبل خالد شدید زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ فائرنگ کی زد میں آ کر 2 بے گناہ راہگیر عطا محمد اور حارث بھی زخمی ہوئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شہید اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول ہسپتال و ٹراما سینٹر منتقل کر دیا۔ ترجمان نے بتایا کہ زخمی کانسٹیبل خالد کی حالت تشویشناک ہے اور وہ آپریشن تھیٹر میں زیرِ علاج ہیں۔پی آر او ٹو ڈی آئی جی کوئٹہ شہباز اقبال کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے فورا بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی ہے اور فرار ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر تلاشی اور چھاپے مارے جا رہے ہیں۔