ماخذ: این این آئی
ڈیرہ مراد جمالی (این این آئی) صحبت پور کے قریب نامعلوم افراد نے قیدیوں کو لیکر جانے والی پولیس وین پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ جوابی کارروائی کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق صحبت پور سٹی پولیس تھانے کی حدود میں قیدیوں کو مقامی عدالت میں پیشی پر لے جانے والی پولیس وین پر نا معلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا اور شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل امان اللہ بھنگر شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فائرنگ سے ایس ایچ او صحبت پور سٹی منٹھار خان ہانبھی و دیگر اہلکار محفوظ رہے فائرنگ سے وین کو نقصان پہنچا پولیس کی جوابی کارروائی کے بعدملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی صحبت پور سمیت دیگر پولیس افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور پورے علاقے کی نکاہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی اور قیدیوں کو سخت سیکورٹی میں عدالت پیش کردیا،پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ دریں اثناء کچھی کے علاقے ڈھاڈر کے قریب مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر مقامی سماجی تنظیم کے عہدے دار کو اغواءکرلیاپولیس کے مطابق کچھی کے علاقے پولیس تھانہ صدر ڈھاڈر کی حدود سخی تنگو سے نا معلوم مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر حبیب اللہ رندکو اغواءکرکے اپنے ساتھ لے گئے مقامی پولیس کے مطابق مغوی سائبان ٹرسٹ تنظیم کے جنرل سیکرٹری بتائے جارہے ہیں واقعے کی اطلاع پر پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان اور مغوی کی تلاش شروع کردی۔
