ماخذ: یو این اے
کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان اسمبلی کے جاری اجلاس میں اپوزیشن رکن زابد ریکی نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں مدینہ جانے کے لیے ایئرپورٹ پہنچنے پر روک دیا گیا اور ایف آئی اے حکام نے انہیں دہشت گرد قرار دیا۔ زابد ریکی کے مطابق مزید معلومات حاصل کرنے پر انہیں بتایا گیا کہ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات نے ان کا پاسپورٹ بلاک کیا ہے اور انہیں ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم انہوں نے فون نہیں اٹھایا۔ زابد ریکی نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ انہوں نے کون سا جرم کیا ہے، وہ ہمیشہ عوام کے حقوق کی بات کرتے رہے ہیں۔ اپوزیشن رکن نے کہا کہ واشک جاتے ہیں تو دہشت گرد پیچھے ہوتے ہیں اور کوئٹہ آتے ہیں تو دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بتایا جائے کہ ان کا کسی کالعدم تنظیم سے کیا تعلق ہے۔ زابد ریکی نے کہا کہ انہیں دہشت گرد قرار دے کر ان کا استحقاق مجروح کیا گیا ہے۔ اگر ان کے خلاف کوئی ثبوت موجود ہیں تو انہیں سامنے لایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات کو اسمبلی میں طلب کرکے ان سے اس معاملے پر ثبوت اور وضاحت طلب کی جائے۔
