پشاور (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم ڈٹے ہوئے ہیں، ہم لانگ مارچ کریں گے، ہم سے احتجاج کا حق کوئی نہیں چھین سکتا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انتشاری سیاست کا الزام مسترد کردیا، کہا کہ انہوں نے تمام آئینی اور سیاسی آپشنز کا استعمال کیا، شنوائی نہیں ہوتی تو لانگ مارچ کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ ٰخیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا 2 سال مکمل ہونے کو ہیں، کوئی لانگ مارچ اور احتجاج نہیں کیا، ہم چور دروازوں سے نہیں آتے، عوامی لوگ ہیں، جمہوریت سے آتے ہیں، سہیل آفریدی نے سوال کیا کہ جب سے میں وزیر اعلیٰ بنا ہوں میں نے کون سا احتجاج کیا ہے؟ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہم ڈٹے ہوئے ہیں، ہم لانگ مارچ کریں گے، ہم سے احتجاج کا حق کوئی نہیں چھین سکتا، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ 27 ستمبر کو ہم نکلیں گے، یہ ہمیں ڈرا نہیں سکتے۔ سہیل آفریدی نے کہا کل عمران خان کی تینوں بہنوں کو حراست میں لیا گیا، ہم نے تمام آئینی اور جمہوری راستے اپنائے، مجھے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے نہیں دی جاتی، عدالتی احکامات کے باوجود ہمیں بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جاتا۔ سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ 26 نومبر 2024 کے بعد ہمارے کارکنان پر جبر جاری ہے، ہمارے بے گناہ کارکنان کو شہید کیا گیا۔
ہم چور دروازوں سے نہیں آتے، عوامی لوگ ہیں، لانگ مارچ ضرور کریں گے، سہیل آفریدی
