بلوچستان کے تمام سرکاری کالجز میں تقریبات اور تنظیمی سرگرمیوں پر پابندی عائد

کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان کے کالجز میں تمام تقریبات اور تنظیمی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی۔ ڈائریکٹوریٹ آف کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن بلوچستان نے صوبے کے تمام سرکاری بوائز، گرلز، پوسٹ گریجویٹ، ڈگری اور انٹر کالجز میں کسی بھی تقریب یا تنظیمی سرگرمی کے انعقاد پر پابندی عائد کردی۔ڈائریکٹر کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن بلوچستان کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان کے 9 جولائی 2020 کے احکامات کی روشنی میں تعلیمی اداروں میں تمام اقسام کی تقریبات اور تنظیموں کی جانب سے سرگرمیوں کا انعقاد مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر سختی سے ممنوع ہے۔مراسلے میں تمام کالجز کے پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اداروں میں مذکورہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور کسی بھی تنظیم کی جانب سے تقریب یا سرگرمی منعقد نہ ہونے دیں۔ڈائریکٹوریٹ نے واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف بلوچستان ایمپلائز ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن (BEEDA) رولز کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مراسلے کی نقول وزیر تعلیم بلوچستان، سیکرٹری کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن، ڈائریکٹر کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن کے پرسنل سیکرٹری اور ماسٹر فائل کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔