ماخذ: یو این اے
کوئٹہ(یو این اے)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 600 خواتین کی تربیت مکمل ہونا خوش آئند ہے، جبکہ 100 خواتین کو کاروبار کے آغاز کے لیے مالی معاونت کی فراہمی انہیں اپنے پاں پر کھڑا کرنے کے حکومتی عزم کی عملی تصویر ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ حکومت بلوچستان خواتین کو معاشی خودمختاری، ترقی، تعلیم اور خوشحالی کے مواقع فراہم کررہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کی ہر بیٹی کے ہاتھ میں ہنر، علم اور روزگار ہو، بارود نہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مواقع فراہم کررہی ہے، جبکہ دوسری جانب دہشت گرد بلوچ بچیوں کو خودکش بمبار بنا کر تاریکیوں کی جانب دھکیل رہے ہیں۔ دہشت گرد عناصر ہماری بچیوں کے مستقبل کو تباہی اور تشدد سے جوڑنا چاہتے ہیں، جبکہ حکومت ان کے مستقبل کو تعلیم، ہنر اور خوشحالی سے جوڑ رہی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ فیصلہ بلوچ عوام نے کرنا ہے کہ وہ اپنی بچیوں کا مستقبل تعلیم و ترقی میں دیکھتے ہیں یا دہشت گردی اور تباہی میں۔ بلوچستان کی بیٹیوں کے روشن، محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لیے حکومت بلوچستان اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔
