کوہلو (یو این اے)کوہلو ڈی جی خان شاہراہ پر لاسے زئی کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث باراتیوں سے بھری گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 42 افراد زخمی ہو گئے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہلو ڈاکٹر اصغر مری کے مطابق 17 زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ 25 شدید زخمیوں کی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں مزید علاج کے لیے ڈیرہ غازی خان ریفر کر دیا گیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ اور ایف سی اہلکاروں نے ہسپتال کا دورہ کر کے زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔ ضلعی انتظامیہ نے زخمیوں کو منتقل کرنے والی ایمبولینسز کے لیے ڈیزل اور متاثرہ ورثا کو نقد مالی امداد فراہم کی، جبکہ کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل نصیر احمد نے بھی زخمیوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا۔ اس المناک حادثے کے بعد علاقے بھر میں فضا سوگوار ہو گئی۔
کوہلو، ڈی جی خان شاہراہ پر باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ، زخمیوں کی تعداد 42 ہوگئی
