پارلیمان کے اندر متحدہ حزب اختلاف کا کردار ادا کریں گے، اپوزیشن رہنماﺅں کا اعلان

متحدہ حزب اختلاف

اسلام آباد (ویب ڈیسک) متحدہ اپوزیشن کے قائدین مولانا فضل الرحمن، محمود خان اچکزئی، سلمان اکرم راجہ اور علامہ راجہ ناصر عباس نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے اندر متحدہ اپوزیشن کے طور پر کردار ادا کرنے کا اعلان کردیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ قومی اسمبلی و سینیٹ اپوزیشن لیڈران تشریف لائے ہیں، ہم نے ایک اصول طے کیا ہے کہ پارلیمان میں متحدہ اپوزیشن ہوگی، اپوزیشن کے کردار کو موثر بنانا چاہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دو صوبوں میں جس طرح کی حالت جنگ ہے وہ سب کے سامنے ہے، ہر شخص اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھتا ہے۔ حکومت کی طرف سے طفل تسلیاں دی گئی ہیں، عملاً کچھ نہیں کیا گیا، کتنے ہی آپریشن ہوئے مگر کوئی کامیابی نہیں ملی، آپریشنز کا نتیجہ صفر ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت پر برا اثر پڑ رہا ہے، کاروباری طبقے پر بہت بڑا اثر پڑ رہا ہے، مغربی سرحد بند، مشرقی سرحد بند ہے، چین ناراض ہے۔ غلط پالیسیوں نے پاکستان کو محصور پاکستان بنا دیا ہے، اس صورتحال پر کب تک خاموش رہیں گے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سرکاری بیانیہ بالکل غلط ہے، صوبوں کی باتیں کس طرح کی جارہی ہیں، بغیر کسی تیاری کے صوبوں کی باتیں کی جارہی ہیں، کوئی مثبت بات سننے کو بھی تیار نہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر مشترکہ اپوزیشن کا رول ادا کریں گے، ابھی پہلا قدم ہے، ہمیں چلنے دیں، پیپلز پارٹی پلڑا تبدیل کرے پھر بات بھی ہوسکتی ہے۔