یمن میں مسلح افراد کا بحری جہاز پر قبضہ، صومالیہ کی جانب لے جانے کی اطلاعات

یمن بحری جہاز

اشاعتی ڈیسک: مانیٹرنگ ڈیسک

صنعا (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی نے بتایا ہے کہ آج جمعرات کے روز 6 مسلح افراد یمن کے ساحل کے قریب ایک جہاز پر سوار ہوئے اور اس پر قبضہ کرلیا۔ اتھارٹی نے مزید کہا کہ جہاز نے اپنا راستہ بدل لیا ہے اور وہ صومالیہ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اتھارٹی نے وضاحت کی کہ یمن کے ساحل کے قریب 6 مسلح افراد کے سوار ہونے اور قبضہ کر لینے کے بعد ایک جہاز صومالیہ کی طرف اپنا راستہ بدل رہا ہے۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی نے اس سے پہلے ذکر کیا تھا کہ اسے یمن کے شہر مکلا کے مشرق میں 136 بحری میل کے فاصلے پر ایک واقعے کی اطلاع ملی تھی، کیونکہ خلیج عدن میں مغرب کی طرف سفر کرنے والے ایک تیل بردار جہاز نے بتایا تھا کہ ایک جہاز بغیر اجازت کے اس کے قریب آیا تھا۔ اتھارٹی نے کوئی اضافی تفصیلات فراہم نہیں کیں اور نہ یہ واضح کیا کہ تیل بردار جہاز اور اس کا عملہ محفوظ ہے یا نہیں۔