اورماڑہ (یو این اے) غیر رجسٹرڈ اسپیڈ بوٹس کی رجسٹریشن، لائسنس کی تجدید اور ماہی گیری کارڈز کا حصول لازمی قرار اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز اورماڑہ الہی داد بلوچ کی جانب سے علاقے میں قائم موجودہ سیکورٹی صورتحال اور اعلی سطحی اجلاس کے فیصلوں کے پیش نظر تمام ماہی گیری اسپیڈ بوٹ مالکان اور ماہی گیروں کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق اورماڑہ کی سمندری حدود میں چلنے والی تمام ایسی اسپیڈ بوٹس جن کا رجسٹریشن محکمہ فشریز اورماڑہ میں درج نہیں ہے ان کے مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ دو ہفتوں کے اندر تمام ضروری دستاویزات دفتر میں جمع کروا کر اپنی بوٹس کا اندراج کروائیں اور باقاعدہ ماہی گیری لائسنس حاصل کریں۔ رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد تمام مالکان کو الاٹ شدہ رجسٹریشن نمبر اپنی بوٹس پر نمایاں اور واضح جگہ پر چسپاں کرنا لازمی ہوگا جبکہ پہلے سے رجسٹرڈ بوٹ مالکان بھی اپنے الاٹ شدہ نمبر بوٹ پر تحریر کرنے کے پابند ہوں گے۔ علاوہ ازیں محکمہ فشریز نے واضح کیا ہے کہ جن بوٹ مالکان کے پاس سال 2026 کے لائسنس کی تجدید باقی ہے وہ فوری طور پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز کے دفتر سے تجدید کروائیں اور جن ماہی گیروں نے تاحال اپنے ماہی گیری کارڈز حاصل نہیں کیے وہ بلا تاخیر اپنے کارڈز بنوا لیں۔ تمام بوٹ مالکان اور ماہی گیروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوران شکار اپنے تمام ضروری کاغذات اور لائسنس ہمراہ رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی یا رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اعلامیے کے اختتام میں تنبیہ کی گئی ہے کہ ان ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے یا غفلت برتنے کی صورت میں متعلقہ مالکان و ماہی گیروں کے خلاف بلوچستان سی فشریز آرڈیننس 1971 (ترمیم شدہ ایکٹ 2022) کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اورماڑہ میں اسپیڈ بوٹس کی رجسٹریشن، لائسنس کی تجدید اور ماہی گیری کارڈز حاصل کرنا لازمی قرار
