خضدار میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 10 دہشتگرد ہلاک، متعدد زخمی، فرار ہونیوالوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری

سیکورٹی فورسز

خضدار (ویب ڈیسک) خضدار شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں سیکورٹی فورسز کا کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن۔ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر خضدار کے علاقے شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں دہشتگردوں کی موجودگی کیخلاف فورسز نے آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں کو گھیرے میں لے کر موثر کارروائی کی۔ دہشت گرد تین چھوٹی پارٹیوں کی صورت میں علاقے میں موجود تھے، جن کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ آپریشن کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مزید تیز کردیا۔ سیکورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش بھی شروع کردی۔ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک تعاقب جاری رہے گا، جبکہ دہشت گرد عناصر کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔