27 ستمبر اسلام آباد لانگ مارچ، پی ٹی آئی قیادت میں اختلافات، کال خفیہ ڈیل کے نتیجے میں دی گئی، ذرائع

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف میں 27 ستمبر کی اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی کال پر اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے بیرون ملک مقیم رہنماﺅں نے الزام لگایا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وسط اگست کے بجائے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی کال کسی خفیہ ڈیل کے نتیجے میں دی ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران سہیل آفریدی نے پارٹی رہنماﺅں کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے الزام لگانے والے پی ٹی آئی دور کے سابق معاون خصوصی شہباز گل کے بارے میں کہا کہ وہ بہت جلد مجھ سے معافی مانگیں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ وہ لانگ مارچ کے معاملے پر بانی چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خان کو راضی کرلیں گے۔ اس سے قبل سہیل آفریدی نے سلمان اکرم راجا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ حکومت کے خلاف مزاحمت کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی سے ملاقات کے لیے کہیں شنوائی نہیں ہورہی ہے، بانی کی فیملی اور وکلاءگارنٹی دیتے ہیں کہ ملاقات پر پریس کانفرنس نہیں کریں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی کی صحت سے زیادہ اس وقت کوئی بات اہم نہیں، جو سلسلہ ہم شروع کرنے جا رہے ہیں وہ رکے گا نہیں۔ سلمان اکرم راجا اسلام آباد ہائی کورٹ نہ پہنچنے پر پارٹی ارکین پر بھی برہم ہوئےاور کہا کہ جو لوگ نہیں آئے ان کے نام سامنے لائیں گے، 5 اگست کو بھی جو لوگ سامنے نہیں آئے ان کا پتا ہے۔ پی ٹی آئی کے اس موقع پر ممکنہ احتجاج کے پیش نظر قیدی وینز اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پہنچی جبکہ پنجاب اور اسلام آباد پولیس کی نفری بھی تعینات رہی۔