اسلام آباد (ویب ڈیسک) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر جان محمد بلیدی نے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماءو رکن صوبائی اسمبلی چیئرمین خیر جان بلوچ کے قریبی عزیز عبدالغفور رند کے گھر پر مسلح افراد کی جانب سے حملہ اور ان کے فرزند محدود رند شہید اور بھائی عابد شدید زخمی ہونے کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ اندوہناک واقعہ نہایت قابل افسوس اور امن و امان کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے۔ بے گناہ انسانی جان کا ضیاع کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو دانستہ خانہ جنگی اور برادر کشی کی جانب لے جایا جارہا ہے اور انارکی کی صورتحال پورے علاقے میں پھلا دی گئی ہے، اس سے کسی تحریک کی آبیاری نہیں ہورہی بلکہ سماج کو آپس میں دست و گریباں کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بلوچستان میں امن و امان کے قیام میں مکمل ناکام ہوچکی، عملا بلوچستان میں کہیں بھی حکومت کی رٹ نظر نہیں آرہی ہے۔ ہم اس المناک سانحے پر چیئرمین خیرجان بلوچ، عبدالغفور رند، ان کے اہل خانہ اور تمام سوگواران سے دلی تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ شہید محدود رند کے درجات بلند، لواحقین کو صبرِ جمیل اور زخمی عابد کو جلد صحتِ کاملہ نصیب فرمائے۔
بلوچستان میں بے گناہ لوگوں کا قتل سماج کو دست و گریباں کرنے کی منصوبہ بندی ہے، جان محمد بلیدی
