نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے انتخابات سیاسی تربیت کا عملی ثبوت ہیں، رحمت صالح بلوچ

پنجگور (ویب ڈیسک) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے انتخابات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل کے دور رس سیاسی اثرات نہ صرف پارٹی کے اندرونی ڈھانچے کو مضبوط کریں گے بلکہ صوبے کی مجموعی سیاسی فضا پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نظریے اور جدوجہد کی بنیاد پر قائم جماعت ہے، جو موروثیت سے پاک ہے اور اس میں عہدیداروں کا انتخاب مکمل جمہوری طریقہ کار کے تحت عمل میں لایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں کسی کو پرچی کے ذریعے مسلط نہیں کیا جاتا بلکہ کارکنوں کی رائے کو مقدم رکھا جاتا ہے۔ میر رحمت صالح بلوچ نے طویل وقفے کے بعد کوئٹہ میں ضلعی انتخابات کے انعقاد کے فیصلے پر پارٹی کی متعلقہ کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کارکنوں میں نئی روح پھونکنے کے مترادف ہے۔ اس سے نوجوان قیادت کو آگے آنے کا موقع ملے گا اور پارٹی گراس روٹ سطح پر مزید فعال ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ جب تک سیاسی جماعتوں کے اندر حقیقی جمہوریت قائم نہیں ہوگی، اس وقت تک ملک میں جمہوری اقدار مضبوط نہیں ہوسکتیں۔ انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب نے ہمیشہ جمہوری عمل کی حمایت کی ہے اور اس بار بھی بھرپور تعاون فراہم کیا۔ انہوں نے ضلعی کونسلران کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران کارکنوں نے جس نظم و ضبط، برداشت اور رواداری کا مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش ہے۔ ان کے بقول پورے عمل میں اتحاد اور بھائی چارے کی فضا قائم رہی، جو نیشنل پارٹی کی سیاسی تربیت کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے صدر حاجی عطاءمحمد بنگلزئی، جنرل سیکرٹری عبدالصمد بلوچ، سینئر نائب صدر محمد عارف دہوار، جونیئر نائب میر نصیب اللہ بنگلزئی، خواتین سیکرٹری فریدہ بلوچ، سوشل میڈیا سیکرٹری سعید سمالانی، عوض علی سمیت تمام منتخب عہدیداروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ میر رحمت صالح بلوچ نے نیشنل پارٹی پسنی کے نومنتخب عہدیداروں کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے صدر محسن بھٹو، جنرل سیکرٹری خدا بخش سعید، نائب صدر ندیم یاسین، ڈپٹی جنرل سیکرٹری نور امین، سیکرٹری اطلاعات اسماعیل میر، رابطہ سیکرٹری لعل جان یوسف اور فنانس سیکرٹری ڈاکٹر واحد بلوچ کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔