لورالائی (نامہ نگار) نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کیساتھ ساتھ زندگی کی عملی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے مقصد کے تحت ACT-International نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے آبادی (UNFPA) کے اشتراک اور حکومت بلوچستان کے محکمہ اسکول ایجوکیشن کے تعاون سے ضلع لورالائی میں لائف اسکلز بیسڈ ایجوکیشن (LSBE) کے تحت اساتذہ کی جامع تربیت کا کامیاب انعقاد کیا۔ تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا اور انہیں جدید تدریسی طریقوں، موثر ابلاغ اور طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی سے متعلق مہارتوں سے روشناس کرانا تھا تاکہ وہ کلاس روم میں زندگی کی بنیادی مہارتوں کو مو¿ثر انداز میں فروغ دے سکیں۔ تربیت کے دوران شرکاءکو تنقیدی سوچ، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت، موثر رابطہ کاری، جذباتی ذہانت، مثبت فیصلہ سازی، خود اعتمادی، باہمی احترام، صنفی حساسیت، قیادت، تعاون اور ذمہ دار شہری ہونے جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی اور عملی رہنمائی فراہم کی گئی۔ اساتذہ نے گروپ سرگرمیوں، کردار نگاری، مباحثوں، عملی مشقوں اور اشتراکی تدریسی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا، جس کے ذریعے انہیں جدید تدریسی تکنیکوں کو کلاس روم میں نافذ کرنے کے موثر طریقہ کار سے آگاہی حاصل ہوئی۔ تربیت میں شریک اساتذہ نے پروگرام کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ لائف اسکلز بیسڈ ایجوکیشن موجودہ دور کے تعلیمی نظام کی ایک ناگزیر ضرورت بن چکی ہے۔ ان کے مطابق اس تربیت سے نہ صرف تدریسی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ طلبہ کی ذہنی، جذباتی اور سماجی نشوونما، تعلیمی کارکردگی اور مثبت طرز فکر کو بھی فروغ ملے گا۔ شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حاصل کردہ مہارتوں کو اپنی تدریسی سرگرمیوں کا مستقل حصہ بنائیں گے تاکہ تعلیمی ادارے صرف نصابی تعلیم تک محدود نہ رہیں بلکہ باکردار، باشعور، بااعتماد اور ذمہ دار شہریوں کی تربیت کے موثر مراکز بھی بن سکیں۔ تعلیمی ماہرین کے مطابق بلوچستان، خصوصاً لورالائی جیسے اضلاع میں اس نوعیت کے تربیتی پروگرام تدریسی معیار میں بہتری، اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور نوجوان نسل کو درپیش سماجی و عملی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایسے اقدامات نوجوانوں میں مثبت رویوں، برداشت، قیادت، سماجی ہم آہنگی اور ذمہ دارانہ فیصلہ سازی کو فروغ دینے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ACT-International، UNFPA اور محکمہ اسکول ایجوکیشن حکومت بلوچستان کی یہ مشترکہ کاوش صوبے میں معیاری، جامع اور پائیدار تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل تصور کی جا رہی ہے۔ مقامی تعلیمی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں اس نوعیت کے تربیتی پروگراموں کا دائرہ کار مزید اضلاع تک وسیع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ اساتذہ اور طلبہ اس سے مستفید ہوسکیں اور بلوچستان میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی جاسکے۔
لورالائی، اساتذہ کو جدید تدریسی مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے لائف اسکلز بیسڈ ایجوکیشن تربیتی پروگرام
