عوام کے مینڈیٹ کو بلڈوز کردیا گیا، عوامی راج ہٹا کر کوئی بھی راج کامیاب نہیں ہوسکتا، شوکت یوسفزئی

شوکت یوسفزئی

ماخذ: آئی این پی

پشاور (آئی این پی) پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے عوام کے مینڈیٹ کو بلڈوز کردیا ہے۔ صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شوکت یوسف زئی نے وفاقی حکومت کے فیصلے کو مسترد کرد یا اور کہا کہ عوامی راج ہٹا کر کوئی بھی راج کامیاب نہیں ہو سکتا کیونکہ عوام کے بھاری مینڈیٹ سے قائم ہونے والی حکومت کا متبادل کوئی راج نہیں ہے۔شوکت یوسف زئی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون نے عوام کے مینڈیٹ کو بلڈوز کیا ہے ۔ حکومت نے مولانا فضل الرحمن کے ساتھ کمٹمنٹ کر کے دھوکا دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے ، ہم اپنے آئینی و قانونی جائز حقوق کےلئے پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما نے مطالبہ کیا کہ حکومت وزیراعلی سہیل آفریدی اور صوبائی صدر جنید اکبر سمیت تمام گرفتار رہنماﺅں اور کارکنوں کو فوری رہا کرے۔ موجودہ کشیدگی کے دوران مذاکرات کے ذریعے معاملات طے ہو سکتے تھے، لیکن حکومت نے اس ضمن میں انتہائی جلد بازی کا مظاہرہ کیا ہے۔