عبدالحکیم کاکڑ کی شہادت بلوچستان جوڈیشری اور ملکی نظام انصاف کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے، چیف جسٹس و ججز بلوچستان ہائیکورٹ

کوئٹہ (ویب ڈیسک) چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ و دیگر جج صاحبان نے کہا ہے کہ شہید سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ ایک دیانت دار، باصلاحیت، فرض شناس اور نڈر جج تھے جنہوں نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی، عدل و انصاف کی فراہمی اور عوام کی خدمت کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا نصب العین بنائے رکھا۔ ان کی شہادت نہ صرف بلوچستان جوڈیشری بلکہ پورے ملک کے نظام انصاف کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہید کی عدالتی، پیشہ ورانہ اور قومی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا اور انصاف کی بالادستی کے لیے ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ چیف جسٹس اور معزز ججز نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ شہید عبدالحکیم کاکڑ کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو یہ عظیم صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔