کھڈ کوچہ میں کرفیو سے معمولاتِ زندگی مفلوج، حکومت فوری نظرثانی کرے، سردار نور احمد بنگلزئی

کوئٹہ (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما بنگلزئی قبیلے کے سربراہ سردار نور احمد بنگلزئی نے محکمہ داخلہ کی جانب سے تحصیل کھڈکوچہ میں غیر معینہ مدت کے لیے نافذ کیے گئے کرفیو کو بلا جواز، عوام دشمن اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھڈکوچہ کے پرامن عوام کو اجتماعی سزا دینا کسی صورت قابلِ قبول نہیں، کرفیو کے باعث روزمرہ زندگی کے امور مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں، علاقے کے باغات اور فصلیں تباہ ہو رہی ہیں طلبہ کی تعلیم، مریضوں کا علاج معالجے کیلئے رسائی، کاروباری سرگرمیاں اور عام شہریوں کی نقل و حرکت بری طرح متاثر ہو رہی ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلوں سے عوام میں شدید بے چینی اور اضطراب پایا جا رہا ہے اور اب ایسے اقدامات سے انکی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے انہو ں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت امن و امان کے قیام کے لیے ایسے اقدامات اختیار کرے جن سے عوام کو بلا وجہ روز مرہ کے امور کی انجام دہی اور روز گار سمیت دیگر اقدامات کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔