راولپنڈی (پ ر) فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں 15 اہلکار شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 12 دہشتگرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا تاہم سیکورٹی فورسزکی بروقت اور موثر کارروائی نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جوانوں نے غیر معمولی جرات، پیشہ ورانہ مہارت سے فرار ہونے والے 12 خوارج کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید دباﺅ کا شکار حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے کے باعث چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں وطن کے 15 بہادر سپوت شہید ہوگئے، شہدا میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکار شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید کسی بھی دہشتگرد کی موجودگی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، 15 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 12 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، آئی ایس پی آر
