لاڑکانہ میں 15 سالہ قبائلی دشمنی کا خاتمہ، 28 ملزمان نے ہتھیار ڈال دیے

کراچی(بلوچستان نیوز)وزیر داخلہ سندھ ضیالنجار نے کہا ہے کہ لاڑکانہ میں 15 سال کی خونی قبائلی دشمنی کا خاتمہ کرکے سندھ پولیس نے تاریخ رقم کردی۔صوبائی وزیر داخلہ کے مطابق جیہو اور دھانی قبائل کے ملزمان قانون کے سامنے سرنگوں ہوگئے جب کہ سرنڈر کرنے والے ملزمان میں ہیڈ منی والے اشتہاری بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں قبائل کے 28 افراد نے ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کردیا، تمام ملزمان عدالتوں کا سامنا کریں گے۔ضیا لنجار نے بتایا کہ 15 سال کی دشمنی میں 25 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے، خونی تنازع کے باعث 2 ہزار ایکڑ زرعی زمین ویران اور 3 دیہات اجڑ گئے تھے، لاڑکانہ پولیس کی غیرجانبدار اور بلاامتیاز کارروائی دونوں قبائل کو صلح اور قانون کی راہ پر لے آئی۔