ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ سے نوجوان زخمی، تربت میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

تربت میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

ماخذ: یو این اے

ڈیرہ بگٹی، کوئٹہ (یو این اے، آن لائن) ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا، جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پی ٹی وی بوسٹر کے قریب موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد نے بیہہ لوٹی کے رہائشی لوٹا خان ولد عظیم جان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے زخمی نوجوان کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ڈیرہ بگٹی منتقل کیا، جہاں موجود ڈاکٹروں نے اس کی حالت خطرے سے باہر قرار دے دی۔ واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی۔ تاہم آخری اطلاعات تک واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تھی۔ دریں اثناءسیکورٹی فورسز کے عملے نے تربت کے علاقے میں مشکوک مزدا گاڑی سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرکے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سیکورٹی فورسز کے عملے نے خفیہ اطلاع پر تربت کے علاقے سامی میں ایک مزدا گاڑی میں چھپائی گئی آئس 40 کلو گرام اور حشیش 260گرام برآمد کرکے ڈرائیور شاہ فراز سکنہ حب کو گرفتار کرلیا برآمد کی گئی منشیات اے این ایف کے حوالے کردی گئی۔ مزید کارروائی اے این ایف کا عملہ کررہاہے۔