آزادی اور حق خود ارادیت کیلئے شہداءکشمیر کی قربانیاں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، مولانا فضل الرحمن

اسلام آباد (ویب ڈیسک) جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لئے شہداءکشمیر کی قربانیاں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ آزادی اور حق خودارادیت کے لیے دی جانے والی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔ یوم شہداءکشمیر ہمیں ان بے گناہ کشمیریوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ظلم و جبر کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ دن حق، انصاف اور آزادی کے لیے جدوجہد کے عزم کی تجدید کا دن بھی ہے۔ کشمیری دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے ثابت قدمی کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کی استقامت پوری امت مسلمہ کے لیے حوصلے اور عزم کی علامت ہے۔ جمعیت علماءاسلام ہمیشہ کشمیری عوام کے جائز، سیاسی اور انسانی حقوق کی حمایت کرتی رہی ہے۔ آئندہ بھی ہر موثر قومی و بین الاقوامی فورم پر ان کی آواز بنیں گے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی تشویش ناک ہے۔ بین الاقوامی اداروں اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے کشمیری عوام کو انصاف دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔ یومِ شہدائے کشمیر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کو اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر ہر ممکن حمایت فراہم کی جائے گی۔