وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس، مجوزہ بجٹ دستاویزات کی منظوری، حجم 1089 ارب روپے تجویز

کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس۔ کابینہ نے مالی سال 2026-27 کے مجوزہ بجٹ دستاویزات کی منظوری دے دی۔ نئے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کا مجموعی حجم 1089 ارب روپے تجویز ۔ صوبائی ترقیاتی پروگرام (PSDP) کے لیے 206 ارب روپے مختص۔ نئی اسکیمات کے لیے 106 ارب جبکہ جاری منصوبوں کے لیے 100 ارب روپے رکھے گئے ہیں ۔ غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 797 ارب روپے مختص۔ وفاقی فنڈڈ منصوبوں کی مد میں 45 ارب روپے اور فارن پراجیکٹ اسسٹنس کے تحت 40 ارب روپے ترقیاتی پروگرام کے علاوہ دستیاب ہوں گے۔ صوبائی آمدنی میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے 170 ارب روپے تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار آٹو میشن بجٹ تشکیل دیا گیا ہے۔ دو سال میں 6 ہزار اسکیمیں مکمل کی گئی ہیں۔ بجٹ میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، امن و امان اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر وسائل مختص کیے گئے ہیں۔ مالی سال 2026-27 کا بجٹ بلوچستان کی پائیدار ترقی، مالی استحکام اور عوامی خوشحالی کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔