راولپنڈی (این این آئی) خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے گرینڈ آپریشن میں 72 گھنٹوں میں 27 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر متعدد کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 27 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ ترجمان فوج نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 27 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ مارے گئے دہشت گرد متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، سیکورٹی فورسز نے اس کارروائی کو میران شاہ کے معروف شخصیت شہید ملک سیف اللہ داوڑ کے قتل کا بدلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے قاتلوں کو انجام تک پہنچا دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز بدستور جاری ہیں تاکہ چھپے ہوئے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ ترجمان فوج نے کہاہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی اور ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا گرینڈ آپریشن، 72 گھنٹوں میں 27 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر
