کوئٹہ (سٹی رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے تھانہ جناح ٹاﺅن کی حدود میں بدامنی، چوری، راہزنی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بے پناہ اضافے نے شہریوں کو شدید پریشانی اور خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے۔ جناح ٹاﺅن، ارباب ٹاﺅن، سمنگلی، لہڑی گیٹ، کلی پائند خان، کلی برآت، شابو اور عالمو سمیت ملحقہ علاقوں میں سرِ شام شہریوں کو لوٹنے کے واقعات معمول بن چکے ہیں، جس کے باعث عوام کا گھروں سے نکلنا محال ہوگیا ہے۔ مکینوں کے مطابق علاقے میں موٹر سائیکل چھیننے، موبائل فون اور نقدی لوٹنے کی وارداتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، پولیس گشت نہ ہونے سے جرائم پیشہ عناصر بلاخوف و خطر فرار ہو جاتے ہیں۔ علاقہ مکینوں اور تاجروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ جناح ٹاﺅن تھانے کے حکام امن و امان قائم کرنے اور شہریوں کی شکایات سننے کے بجائے عام دکانداروں کو بلاجواز تنگ کرنے اور کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹیں پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، جس سے کاروباری طبقہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی اس طرزِ عمل سے عوام کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سے اعتماد مجروح ہو رہا ہے۔ متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں اور تاجروں نے ڈی آئی جی کوئٹہ، ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ جناح ٹاﺅن میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کا فوری نوٹس لے کر پولیس گشت موثر بنایا جائے۔
کوئٹہ جناح ٹاﺅن اور ملحقہ علاقوں میں چوری و راہزنی عام، شہری عدم تحفظ کا شکار
