کوئٹہ+ اسلام آباد (این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ حکومت عوامی مفادات کے تحفظ، شفافیت اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کے تحت ہاﺅسنگ منصوبوں کی موثر اور بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے، رہائشی یونٹس کی الاٹمنٹ میں شفافیت، میرٹ اور موثر نظام کو یقینی بنایا جائے یہ بات انہوں نے بدھ کو سیکرٹری ہاﺅسنگ اینڈ ورکس کے ساتھ اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں رہائشی شعبے کی ضروریات، عوامی فلاح کے ہاﺅسنگ منصوبوں اور جاری اسکیموں کی بروقت تکمیل سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس امر پر زور دیا کہ کم لاگت رہائش کی فراہمی عوام کی بنیادی ضروریات میں شامل ہے، لہٰذا عام شہریوں کو جلد از جلد گھروں کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے بالخصوص ”وزیر اعظم اپنا گھر پروگرام“ کے تحت الاٹمنٹ کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ مستحق اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے خاندان بلا تاخیر اس سہولت سے مستفید ہوسکیں۔ سیدال خان ناصر نے کہا کہ رہائش ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور ضروری ہے کہ رہائشی یونٹس کی الاٹمنٹ میں شفافیت، میرٹ اور موثر نظام کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل اور گھروں کی حوالگی میں تاخیر ان شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بنتی ہے جو اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی گھر کے حصول کی امید میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے جاری ہاﺅسنگ منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر بھی زور دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی پیشرفت میں حائل انتظامی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔
حکومت ہاﺅسنگ منصوبوں کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے، وزیر اعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت الاٹمنٹ کا عمل تیز کیا جائے، سیدال ناصر
