کوئٹہ (بلوچستان نیوز ) میر سرفراز بگٹی نے عالمی یومِ مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محنت کش کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہوتے ہیں اور ان کی انتھک محنت کے بغیر قومی ترقی کا خواب ادھورا رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ مزدور ہمیں محنت، دیانت اور عزم کی قدر و منزلت کا احساس دلاتا ہے اور یہ دن محنت کش طبقے کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے کے محنت کشوں کو بہتر روزگار، محفوظ ماحول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ بلوچستان میں مزدوروں کے بچوں کو ملک کے معیاری تعلیمی اداروں میں داخلے دلائے گئے ہیں تاکہ انہیں بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مزدور کا بچہ مزدور بننے تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اسے ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ ایک منصفانہ اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ یومِ مئی ہمیں استحصال کے خاتمے اور انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کی جدوجہد کا پیغام دیتا ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہی حقیقی ترقی ممکن ہے۔
محنت کش کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
