پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 74، ڈیزل میں 67 روپے کمی کردی گئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 67 روپے کمی کا اعلان کیا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کر دی گئی ہے، پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے پر آجائے گی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 67 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے پر آجائے گی۔ پیٹرول کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا جب کہ وزارت خزانہ جلد نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق جمعے کو وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ثالثی کی بدولت خطے و عالمی امن کے قیام کے بعد تیل کی قیمتوں کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا اور کہا ہے کہ خطے میں معاشی صورت حال میں بہتری آنے اور تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام کی جانب منتقل کررہے ہیں، جو وعدہ قوم سے کیا تھا، الحمدللہ وہ پورا کرنے جا رہے ہیں۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور آپ نے مشکل صورت حال میں صبر و تحمل کا بے مثال مظاہرہ کیا، ان مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر ہم عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بحران کے آغاز سے ہی ہم نے اپنے وسائل سے تیل کی قیمتوں میں جس قدر ہو سکا کمی لانے کی کوشش کی، وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ سے اور کفایت شعاری سے کی گئی بچت کے ذریعے 129 ارب استعمال کرکے، ملک بھر کے عوام کو تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے سے ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔