کوئٹہ (ویب ڈیسک) کوئٹہ کے علاقے شیخ ماندہ کے قریب ایئر پورٹ روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔ گزشتہ روز ایئر پورٹ روڈ پر شیخ ماندہ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا نعش ہسپتال منتقل کردی گئی جس کو ضروری کارروائی کے بعد شناخت کے لئے مردہ خانے میں رکھ دیا گیا تاہم قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔جبکہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق پہلا واقعہ قومی شاہراہ پر پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ زخمی اور جاں بحق ہونے والے شخص کو فوری طور پر شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔دوسرا واقعہ مستونگ کے نواحی علاقے تیری میں پیش آیا جہاں موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو قتل کردیا۔ ذرائع کے مطابق مقتول مین لنک روڈ پر پیدل جا رہا تھا کہ اسے نشانہ بنایا گیا۔ لاش کو ضروری کارروائی کے لیے شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کردیا گیاپولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔مستونگ کے علاقے میں گزشتہ روز قبائلی تصادم میں زخمی ہونے والا شخص جاں بحق ہوگیا اس کے اہلخانہ اور علاقہ مکینوں نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو بلاک کرکے احتجاج کیا جس سے ہر قسم کی ٹریفک معطل ہوگئی کئی گھنٹوں تک ٹریفک بلاک رہنے کے بعد مظاہرین نے انتظامیہ کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قبائلی تصادم کے دوران محمد نامی شخص زخمی ہوگیا جس کو ہسپتال منتقل کیا گیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا واقعہ کے بعد اس کے لواحقین ، عزیز و اقارب اور علاقہ مکینوں نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو نواب ہوٹل کے قریب قاتلوں کی گرفتاری کیلئے رکاوٹیں کھڑی کرکے احتجاج کیا جس سے ہر قسم کی ٹریفک معطل ہوگئی۔
کوئٹہ اور مستونگ میں فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق
