کوئٹہ(بلوچستان نیوز)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں سبزی فروشوں پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ داخلہ اور انسپکٹر جنرل)آئی جی(پولیس سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلی نے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ معصوم شہریوں پر فائرنگ کی یہ بزدلانہ کارروائی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلی نے انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔وزیراعلی بلوچستان نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امن دشمن عناصر قانون کی گرفت سے ہرگز نہیں بچ سکیں گے اور معصوم شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے والوں کے خلاف ریاست پوری قوت کے ساتھ کارروائی کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور دہشت گردوں کو ان کے عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔
ہزارگنجی میں فائرنگ افسوسناک،ملوث افراد کوانجام تک پہنچائیں گے،میر سرفراز بگٹی
